نئی دہلی، 17 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مشرقی اتر پردیش کی انچارج کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اب اپنے انتخابی مہم کا آغاز کر رہی ہیں۔پیر کو پرینکا پریاگراج سے بوٹ سفر کے ذریعے اپنی اس مہم کی شروعات کریں گی، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں ختم ہو گی۔اپنی اس یاترا سے پہلے پرینکا گاندھی نے عوام کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے۔اس میں انہوں نے کہا ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے مجھے مشرقی یوپی کی ذمہ داری دی ہے،یوپی کے لوگوں سے میرا ناطہ بہت پرانا ہے اور آج سب کے ساتھ مل کر یوپی کی سیاست کو تبدیل کرنے کی ذمہ داری مجھے ایک سپاہی کے طور پر ملی ہے۔پرینکا نے کہاکہ آپ کی بات سنے بغیر تبدیلی نہیں ہو سکتی ہے، تو میں آپ کے دروازے تک پہنچ رہی ہوں،میں آبی راستہ، بس، ٹرین اور پدیاترا کرکے آپ سے رابطہ کروں گی۔اپنے خط میں پرینکا گاندھی نے گنگا کو حقیقت اور مساوات کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے امتیازی سلوک نہیں کرتیں۔انہوں نے کہاکہ گنگاجی اترپردیش کا سہارا ہیں،میں گنگاجی کا سہارا لے کر بھی آپ درمیان پہنچوں گی۔
بتا دیں کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی نے وارانسی میں کہا تھا کہ میں آیا نہیں ہوں، مجھے ماں گنگا نے بلایا ہے۔مرکز میں حکومت بننے کے بعد گنگا صفائی کے لئے باقاعدہ الگ وزارت بھی بنائی گئی ،تاہم اب تک گنگا صفائی کو لے کر اپوزیشن حکومت پر ورغلانے کا الزام لگاتا رہا ہے۔ایسے میں پرینکا گاندھی اب گنگا یاترا کے ذریعے ہی پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی جا رہی ہیں، جہاں دریا کنارے بسے دیہات کے لوگوں سے وہ لوگوں سے بات چیت کریں گی۔ذرائع کے مطابق کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ پرینکا کی اس کشتی یاترا کے پیچھے یہ بھی ایک وجہ ہو سکتی ہے، جس کی شناخت ان کے انتخابی مہم میں دیکھنے کو مل سکتی ہے۔